بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے بھارت کو شکست دی تو یہ اپ سیٹ ہو گا اور ہم بھارتی ٹیم کو اپ سیٹ کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ہر میچ ہمارے لیے اہم ہے اور ہم اسی انداز کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہمارے بیٹرز کے اسٹرائیک ریٹ سے متعلق پریشان نہیں ہوں، ہماری کوشش ہے کہ کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ کسی ایک ٹیم پر نہیں ہے، ہمیں اپنے پلان کے مطابق کھیلنا چاہیے۔
بنگلادیشی کپتان کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے بھارت اور پاکستان کو شکست دی تو یہ ایک اپ سیٹ ہو گا کیوں کہ دونوں ٹیمیں ہم سے بہتر ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم دیکھ چکے ہیں کہ آئرلینڈ اور زمبابوے نے انگلینڈ اور پاکستان کو اپ سیٹ کیا ہے اگر ہم بھی ایسا کرتے ہیں تو مجھے خوشی ہو گی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان کل میچ کھیلا جائے گا، جبکہ بنگلادیشی ٹیم اپنا آخری میچ پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔