آسٹریلیا کے سابق کپتان ایئن چیپل نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات کی راہ میں رکاوٹ سیاستدان ہیں۔
سڈنی میں جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ایئن چیپل نے کہا کہ میلبرن سے بہتر ہے پاک بھارت سیریز پاکستان یا بھارت کے گراؤنڈز پر ہو۔
ایئن چیپل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے کھلاڑی آپس میں اچھی طرح ملتے ہیں اور پاکستان میں عوام بھی کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ کرکٹ مختلف ملکوں کے لوگوں کو قریب لاتی ہے، میرے پاکستان کے کرکٹرز سے اچھے تعلقات رہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخاب عالم سے آج بھی رابطہ ہے، ہم فیلڈ پر مخالف لیکن فیلڈ سے باہر اچھے دوست ہوا کرتے تھے، کرکٹ سے محبت نے ہم سب کو ایک دوسرے کے قریب رکھا تھا۔
ایئن چیپل نے مزید کہا کہ پاکستان نے جس طرح جنوبی افریقا سے کھیلا، اس ٹیم کو ایسا ہی کھیلنا چاہیے، بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی کھلاڑی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے تھے۔
ایئن چیپل نے مزید کہا کہ زمبابوے سے ہارنا، انڈیا کیخلاف بوکھلانا پاکستان جیسی باصلاحیت ٹیم سے ایسی توقع نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے لگا کہ پاکستان اور انڈیا سیمی فائنل کھیلیں گے، اب جنوبی افریقا کا چانس ہے۔
ایئن چیپل نے کہا کہ بابر اعظم تینوں فارمیٹ کے بہترین بیٹسمین ہیں اور وہ فنکارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہیں۔
ایئن چیپل نے کہا کہ اس وقت ہر کسی کا ٹی ٹوئنٹی کی جانب جھکاؤ ہے، دنیا بھر میں ہونے والی لیگز کرکٹ کی بہتری نہیں، پیسہ بنانے کے لیے ہیں، اچھے کرکٹر کا لیگ کیلئے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا مناسب رویہ نہیں۔