• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی تقاریر، پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی عائد

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس دکھانے پر پابندی لگادی۔

پیمرا نے عمران خان کے متنازع بیانات کا نوٹس لے لیا اور ان کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی لگائی ہے۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین پیمرا نے عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس دکھانے پر پابندی پیمرا آرڈیننس 2002ء کی شق 27 اے کے تحت لگائی ہے۔

پیمرا اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان کی ریکارڈڈ تقریر بھی نشر نہیں کی جاسکتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پیمرا نے عمران خان کی لانگ مارچ کے دوران تقاریر اور پریس کانفرنس کا بھی حوالہ دیا۔

پیمرا کے مطابق عمران خان کے قومی قیادت اور ریاستی اداروں کے لیے ایسے نفرت انگیز، غلیظ اور بلا جواز بیانات خلاف آئین ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی مختلف ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی تقاریر کے مواد کا جائزہ لیا گیا، یہ بات مشاہدے میں آئی کہ لائسنسز قوانین کی دی گئی شقوں پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔

پیمرا اعلامیے کے مطابق مشاہدے میں آیا کہ لائسنسز موثر ڈیلے میکنزم اور ادارتی کنٹرول یقینی بنانے میں ناکام رہے، خلاف ورزی کیے جانے پر بغیر شوکاز نوٹس ٹی وی چینل کا لائسنس معطل کیا جاسکتا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی تقاریر مختلف ٹی وی چینلز پر بغیر کسی ادارتی نگرانی کے نشر مکرر ہورہی ہیں۔

پیمرا نے یہ بھی کہا کہ ایسے مواد کے نشر ہونے سے عوام کے مابین نفرت پیدا ہونے اور امن عامہ کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسے مواد کے نشر ہونے سے قومی سیکیورٹی کے خطرے سے دوچار ہونے کا امکان ہے۔

پیمرا اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایسا مواد نشر کرنا آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت سنگین خلاف ورزی ہے۔

قومی خبریں سے مزید