• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پولیس کا افسر بھی راتوں رات کروڑ پتی بن گیا


کراچی پولیس کا افسر بھی راتوں رات کروڑ پتی بن گیا جس کے اکاؤنٹ میں 10 کروڑ روپے آ گئے۔

پولیس کے مطابق بہادر آباد تھانے کے تفتیشی افسر عامر گوپانگ کے اکاؤنٹ میں 10 کروڑ روپے آئے ہیں۔

اس حوالے سے عامر گوپانگ کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں اتنی بڑی رقم دیکھ کر پریشان ہو گیا ہوں، میرے تنخواہ والے اکاؤنٹ میں بھاری رقم آئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے مشورہ دیا جائے کہ کیا میں ایف آئی اے میں شکایت کروں؟ پہلے بینک سے مجھے فون آیا کہ آپ کا اکاؤنٹ سیز ہو گیا ہے۔

بہادر آباد تھانے کے تفتیشی افسر عامر گوپانگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے معلومات لیں تو بتایا گیا کہ شناختی کارڈ ایکسپائر ہو گیا ہے، پھر اچانک میرا اے ٹی ایم کارڈ بھی بلاک کر دیا گیا۔

لاڑکانہ کے 3 اہلکاروں کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاڑکانہ میں 3 پولیس اہل کاروں کے اکاؤنٹ میں بھی پانچ پانچ کروڑ روپے آئے تھے۔

لاڑکانہ کے جن پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹس میں 5، 5 کروڑ روپے کی یہ رقم منتقل ہوئی تھی ان میں اے ایس آئی نثار احمد (ہیڈ محرر تھانہ آریجا)، اہلکار سدھیر کلہوڑو (نائب محرر پولیس لائن لاڑکانہ) اور اہلکار علی رضا (ون فائیو لاڑکانہ) شامل ہیں۔

ترجمان لاڑکانہ پولیس نے کیا کہا؟

اس ضمن میں لاڑکانہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بتدائی جانچ کے دوران تینوں پولیس اہلکاروں کا مؤقف ہے کہ وہ اس بات سے لاعلم ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں اس رقم کی منتقلی کہاں سے ہوئی ہے۔

تینوں اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کا اس رقم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

لاڑکانہ پولیس کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ کے لیے متعلقہ پولیس اہلکاروں کے تمام کوائف بھجوا کر متعلقہ بینکوں سے تفصیلی رپورٹ لی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید