• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ: 3 پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹس میں 15 کروڑ منتقل


لاڑکانہ میں ایک ہی دن کے دوران اے ایس آئی سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹ میں 15 کروڑ روپے منتقل ہوگئے۔

بتایا جارہا ہے کہ اے ایس آئی سمیت پولیس اہلکاروں کے اکاؤنٹ میں 5، 5 کروڑ روپے منتقل ہوئے ہیں۔ 

جن کے اکاؤنٹس میں یہ رقم منتقل ہوئی ہے ان میں اے ایس آئی نثار احمد (ہیڈ محرر تھانہ آریجا)، اہلکار سدھیر کلہوڑو (نائب محرر پولیس لائن لاڑکانہ) اور اہلکار علی رضا (ون فائیو لاڑکانہ) میں تعینات ہیں۔ 

اے ایس آئی نثار احمد کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ بینک سے ایس ایم ایس موصول ہوا ہے کہ اکاؤنٹ میں 5 کروڑ منتقل ہوئے ہیں۔

اہلکار سدھیر کلہوڑو کا کہنا تھا کہ بینک سے تنخواہ نکلوانے گیا تو اکاؤنٹ میں 5 کروڑ روپے پڑے تھے۔

اہلکار علی رضا تنیو کے مطابق ان کے اکاؤنٹ میں لگ بھگ 83 ہزار کی رقم موجود تھے، لیکن پتہ نہیں کہ یہ 5 کروڑ کہاں سے آگئے۔ 

اے ایس آئی اور ان تمام اہلکاروں نے اپیل کی ہے کہ ہمارا ان پیسوں سے کوئی تعلق نہیں، اعلیٰ حکام ہمارے اکاؤنٹ میں منتقل رقوم کا نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ اے ایس آئی کا تعلق لاڑکانہ جبکہ پولیس اہلکاروں کا تعلق لاڑکانہ کی تحصیل باقرانی سے ہے۔

ترجمان لاڑکانہ پولیس کا بیان

ترجمان لاڑکانہ پولیس کے مطابق بتدائی جانچ کے دوران تینوں پولیس آفیشلز کا موقف ہے کہ وہ اس بات سے لاعلم ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں اس رقم کی منتقلی کہاں سے ہوئی اور ان کا اس رقم کی ملکیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ کے لئے متعلقہ پولیس آفیشلز کے تمام کوائف بھجوا کر متعلقہ بینکس سے تفصیلی رپورٹ لی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید