• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی ناکامی کا غصہ عوام پر نکال رہی ہے، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہنے کا کہہ دیا۔

پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیرآباد واقعے کے بعد پی ٹی آئی کی مہم جوئی کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال کو عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے فتنہ اور انتشار کو عوام کی حمایت حاصل نہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام رواداری، عزت اور احترام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس تحفظ اور صوبائی حکومتوں کی ایما کے ساتھ سڑکیں بلاک کی جارہی ہیں، یہ اقدام قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی فسطائی سیاست کی ناکامی کا غصہ عوام کو مشکلات میں ڈال کر نکال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، سڑکیں بند ہونے سے عوام انتہائی مشکل میں ہیں، اپنی منزلوں پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ مریض اسپتالوں کا رخ نہیں کر سکتے، پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے سڑکیں بند کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی خاموشی اور اس غیرقانونی عمل میں معاونت قابل مذمت ہے، پنجاب اور خیبرپختونخواکی حکومتیں مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں عوام کوتکلیف پہنچانے اور شاہراہیں بند کرنے کا عمل فوری روکیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیں۔

قومی خبریں سے مزید