• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا سیمی فائنل: نیوزی لینڈ کو شکست، پاکستان ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

پہلے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم کے جیت کے لمحات - فوٹو: اے ایف پی
پہلے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم کے جیت کے لمحات - فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کے لیے اس ورلڈکپ میں بھی سنچری اوپننگ پارٹنرشپ لگادی۔ 

بابر اعظم کے بلے نے رنز اگلے اور انہوں نے 42 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ 

پاکستان ٹیم کو پہلا نقصان 105 رنز پر اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے جنہیں اننگز کے 13ویں اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے کیچ آؤٹ کروایا۔ 

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن ان کے ساتھ محمد حارث نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔ 

محمد رضوان 57 رنز بنا کر 17ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 132 تھا۔

محمد حارث اور ان کے ساتھ شان مسعود نے ٹوٹل 151 رنز تک پہنچا دیا، تاہم جیت سے 2 رنز قبل محمد حارث کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے قابلِ ذکر 26 گیندوں پر 30 رنز بنائے تھے۔ 

شان مسعود نے وننگ رن لے کر ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے فائنل میں پہنچا دیا۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 2 اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل سڈنی میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کی دعوت ملنے پر پہلے اوور میں ہی شاہین شاہ آفریدی نے کیوی اوپنر کو واپس پویلین بھیج دیا۔

فن ایلن کو شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں ایل بی ڈبلیو کیا
فن ایلن کو شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں ایل بی ڈبلیو کیا

میچ کی تیسری گیند پر شاہین آفریدی نے فن ایلن کو 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے جارحانہ بیٹر ڈیون کونوے کو چھٹے اوور میں شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔

محمد نواز نے 8 ویں اوور میں 49 کے اسکور پر اپنی ہی گیند پر کیوی بیٹر گلین فلپس کا کیچ پکڑ کر پاکستان کو تیسری کامیابی دلوائی۔

شاہین شاہ آفریدی نے 17 ویں اوور میں ڈیرل مچل اور کین ولیمسن کی پارٹنرشپ کو تورٹے ہوئے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے 117 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن کو 46 رنز پر بولڈ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ڈیرل مچل 53 اور جیمز نیشم 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

سیمی فائنل میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، ڈیرل مچل، گلین فلپس، ڈیون کونوے، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، جمی نیشم، مچل سینٹنر اور ایش سودھی کیوی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ٹاس ہارنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، اس میچ پر فوکس ہیں، آخری 3 میچز اچھے کھیلے اس مومینٹم کو برقرار رکھیں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس کوالٹی بولرز اور بیٹرز ہیں تاہم جیت کی وجہ سے ہم بہت زیادہ پُراعتماد ہیں۔

ٹاس سے قبل کپتان بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پچ کا بغور معائنہ بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداحوں کی بڑی تعداد بھی سڈنی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم روانگی کی ویڈیو بھی شیئر کی تھی۔

پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہمراہ کوچز بھی موجود تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ورلڈ کپ میں 6 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 4 میں پاکستان اور2 نیوزی لینڈ کو فتح ہوئی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان کا ریکارڈ نیوزی لینڈ سے کافی بہتر ہے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 17 میچ جیتے جبکہ 11 میں گرین شرٹس کو شکست ہوئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں شیڈول ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید