انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل قومی ٹیم کے 3 سابق کپتانوں نے ٹیم کو مشورہ دے دیا۔
سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ بلاشبہ یہ پریشر میچ ہے، اگر پچ اچھی مل رہی ہے تو پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاور پلے میں 60 سے 70 رنز ورلڈ کپ میں پاکستان کا بہترین آغاز ہو گا۔
سابق کپتان محمد حفیظ نے پاکستان کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں جارحانہ انداز اپنائے۔
دوسری جانب سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں نیک تمنائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔
اظہر علی کا کہنا ہے کہ دعا ہے کہ پاکستان ٹیم بہترین کرکٹ کھیلے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج پہلے سیمی فائنل میں سڈنی میں مدِ مقابل ہوں گی۔
بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل جمعرات کو ایڈیلیڈ میں شیڈول ہے۔
سیمی فائنل میں کامیاب ہونے والی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو میلبرن میں کھیلیں گی۔