پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے کرکٹ مخالفین کو ایک بار پھر واضح کر دیا کہ ان کا کیچ چھوڑنے کی سزا کیا ہو سکتی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے پھر نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر ڈیون کونوے نے بابر اعظم کا پہلی ہی گیند پر کیچ چھوڑ دیا تھا۔
کیوی وکٹ کیپر ڈیون کونوے کو کیچ چھوڑنا بہت مہنگا پڑ گیا، بابر اعظم نے اس کے بعد کوئی غلطی نہیں کی اور 53 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس قبل بھی نیوزی لینڈ کے کھلاڑی نے سہ ملکی سیریز میں بابر اعظم کا کیچ چھوڑا تھا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم ہدف کے تعاقب میں مصروف تھی، اس دوران چوتھے اوور کی تیسری گیند پر کیوی فیلڈر فلپس نے بابر اعظم کا کیچ چھوڑنے کی غلطی کی تھی۔
اُس وقت بابر اعظم 27 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے لیکن جب میچ ختم ہوا تو وہی بابر اعظم 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کے لیے اس ورلڈ کپ میں بھی سنچری اوپننگ پارٹنر شپ لگائی۔
بابر اعظم کے بلے نے رنز اگلے اور انہوں نے 42 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی تھی۔