پاکستانی نژاد امریکی صحافی آمنہ نواز مشہور زمانہ پروگرام پی بی ایس نیوز آور کی میزبانی کریں گی۔
نیوز آور پروڈکشنز کے صدر شیرن راک فیلر نے چیف نامہ نگار آمنہ نواز اور واشنگٹن کے نامہ نگار جیف بینیٹ کو پروگرام کی میزبانی کے لیے نامزد کیا۔
دونوں صحافی پی بی ایس نیوز آور کے نئے سلسلے کی میزبانی کریں گے جس کا آغاز 2 جنوری 2023 سے ہوگا۔
خیال رہے کہ پی بی ایس نیوز آور پروگرام 1975 سے جاری ہے، اس پروگرام میں مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت سمیت دنیا بھر کی مشہور شخصیات کو اظہار خیال کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر آمنہ نواز نے کہا کہ برسوں قبل ایک مسلم اور پاکستانی نژاد شہری کی حیثیت سے صحافتی کیریئر کے آغاز پر نہیں سوچا تھا کہ اس مقام تک پہنچوں گی۔
آمنہ نواز 2018 سے بی بی ایس (پبلک براڈکاسٹنگ سروس) کے ساتھ منسلک ہیں۔ اس سے قبل وہ اے بی سی نیوز سے وابستہ تھیں اور 2016 میں امریکی صدارتی انتخابات کی براہ راست نشریات کی میزبانی کر رہی تھیں۔
آمنہ نواز نے این بی سی نیوز کے لیے بطور غیر ملکی نامہ نگار اور اسلام آباد بیورو چیف کے طور پر بھی کام کیا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ستمبر 2001 میں اے بی سی نیوز سے کیا تھا۔