لاہور(خبرنگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان آنے والے مہاجرین کی یاد میں باب پاکستان منصوبہ من پسند تعمیراتی کمپنی کو دئیے جانے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی.جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس کو واپس بھجوا دیا۔تحریک انصاف کے رہنماء زبیر خان نیازی کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ 1991سے مہاجرین کی یاد میں لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر باب پاکستان منصوبہ آج تک مکمل نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے بتایا کہ اربوں روپے مالیت کا یہ منصوبہ میرٹ پر نجی کمپنی کو فراہم کیا گیا تھا جس پر ساٹھ فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے تاہم وزیر اعلی پنجاب نے 2009 میں منصوبہ غیر ضروری قرار دے کر بند کر دیا تھا۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعلی پنجاب کی مداخلت پر اس منصوبے کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہےجبکہ اربوں روپے مالیت کے اس منصوبے کو تعمیر کرنے کے لئے من پسند تعمیراتی کمپنی کو ٹھیکے سے نوازا جا رہا ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت پنجاب کو میرٹ کے مطابق پورا اترنے والی تعمیراتی کمپنی کو ٹھیکہ فراہم کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔