• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی و حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 2 ماہ کے اندر کرانے کا تحریری فیصلہ جاری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستوں کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے تحریری فیصلے میں حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن 3 دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے، بلدیاتی انتخابات سے متعلق 60 روز میں تمام اقدامات مکمل کرے، بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 2 ماہ کے اندر اندر ہونا چاہیے۔

تحریری فیصلے میں سندھ ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کو مجبور نہیں کرسکتی، حکومتِ سندھ بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی اور تمام سہولتیں دینے کی پابند ہے۔

عدالت کا تحریری فیصلے میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن 15 روز میں الیکشن کا شیڈول جاری کرے، چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ اس ضمن میں ضروری اقدامات کے پابند ہوں گے۔

سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں بتایا ہے کہ ایم کیو ایم نے قانون سازی، حلقہ بندیوں، ووٹر لسٹوں کی درستگی تک الیکشن نہ کرانےکی استدعا کی اور حلقہ بندیوں اور بلدیاتی اداروں کو اختیارات ملنے تک الیکشن نہ کرانے کی تجویز دی۔

بلدیاتی انتخابات سے متعلق عدالت کا تحریری فیصلہ


تحریری فیصلے میں عدالتِ عالیہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی درخواستوں میں ایسا ٹھوس مؤقف نہیں ہے اور اس کے مؤقف میں اتنی جان نہیں جس کی بنیاد پر الیکشن ملتوی کیے جائیں۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ سیلابی صورتِ حال اور سیکیورٹی کی عدم فراہمی پر 4 ماہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہیں، سیلاب کی وجہ سے ابھی تک الیکشن شیڈول ہمارے سامنے نہیں آیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کا تحریری فیصلے میں مزید کہنا ہے کہ اتنے عرصے کے دوران حکومت کو اس کا کوئی نہ کوئی حل نکالنا چاہیے تھا۔

تحریری فیصلے میں عدالتِ عالیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ سیکیورٹی کی عدم فراہمی کی بنیاد پر الیکشن غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں ہو سکتے۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے 14 نومبر کو اس کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ نے آج ہی بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ سنایا  اور کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب 15 نومبر کو الیکشن کمیشن بھی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر چکا ہے۔

الیکشن کمیشن محفوظ کیا گیا فیصلہ منگل 22 نومبر کو سنائے گا۔

قومی خبریں سے مزید