بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی صاحبزادی ایرا خان کی گزشتہ روز اپنے بوائے فرینڈ نپور شیکھرے کے ساتھ منگنی ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں منعقدہ اس تقریب میں عامر خان، رینا دتہ، کرن راؤ سمیت دیگر قریبی دوست احباب نے شرکت کی اور نئے جوڑے کو مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گزشتہ رات ہونے والی منگنی کی مختصر تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، ایرا خان نے اس موقع پر سرخ جوڑا زیب تن کیا جبکہ نپور شکھیرے نے سیاہ رنگ کے سوٹ کا انتخاب کیا تھا۔
منگنی کی اس تقریب میں عامر خان کی والدہ زینت حسین، کرن راؤ نے اپنے بیٹے آزاد خان اور عامر خان کے بھانجے عمران خان نے بھی شرکت کی۔
طویل عرصے سے اسکرین سے غائب رہنے والے عمران خان کو دیکھ کر ان کے مداحوں نے ان سے اسکرین پر ایک بار پھر واپس آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب عامر خان کو اس موقع پر روایتی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے، انہوں نے کڑھائی والی شلوار قمیض زیب تن کی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ نپور شیکھرے ایک سیلیبریٹی فٹنس ٹرینر ہیں۔ چند روز قبل انہوں نے اپنے سائیکلنگ ایوینٹ میں ایرا خان کو شادی کی پیشکش کی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔