کراچی کے علاقے لانڈھی میں کچرا کنڈی سے بچی کی لاش ملنے کے واقعے پر مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے قریب موجود مشکوک افراد کا ڈی این اے سیمپل بھی لیا جائے گا۔
پولیس نے کہا کہ قائد آباد تھانے کے ہیڈ محرر، ڈیوٹی افسر سمیت 3 اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے، معطل اہلکاروں کے خلاف محکمۂ جاتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے مقتول بچی کے والد کے ساتھ تعاون نہیں کیا تھا، علاقے سے سی سی ٹی وی ویڈیو سے بھی ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لانڈھی میں تین روز قبل لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش خالی پلاٹ سے ملی تھی، بچی سے زیادتی اور تشدد کی تصدیق ہوئی ہے۔
بچی کے والدین کا کہنا تھا کہ وہ دو روز تک تھانے جاتے رہے مگر نہ مقدمہ درج ہوا، نہ ہی پولیس نے کوئی مدد کی۔