• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑے مسائل ایزی لوڈ سے حل نہیں ہوتے، بیرسٹر محمد علی سیف

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بڑے مسائل ایزی لوڈ سے حل نہیں ہوتے، اُس کا وقت چلا گیا۔

پشتو ویب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ میرے پاس ریاست پاکستان کا اختیار تھا، مجھ پر ٹی ٹی پی کا بھی اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ ہو تو بات چیت کے لیے اس کا انتخاب کیا جاتا ہے، جس پر دونوں کا اعتماد ہو، ہم افغانستان گئے اور مذاکرات میں پیشرفت ہوئی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مفتی نور ولی نے جون میں جرگہ کے پیش نظر سیز فائر کا اعلان کیا تھا، جو کچھ وجوہات کی وجہ سے برقرار نہیں رہ سکا، دراصل کچھ غلط فہمیاں ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے مسائل ایزی لوڈ سے حل نہیں ہوتے ایزی لوڈ کا وقت گیا، میرے کردار کے بارے میں سراج الدین حقانی اور ٹی ٹی پی سے پوچھ لیں۔

بیٹر محمد علی سیف نے یہ بھی کہا کہ میں نے حزب اسلامی کے ساتھ 1984 سے 1989 تک ڈاکٹر نجیب کے خلاف جہاد کیا، ٹی ٹی پی اور حافظ گل بہادر گروپ کے درمیان صلح کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بندوق برداروں کا بندوق کے ذریعے پاکستان پر قبضہ ناممکن ہے، ہمیں چاہیے بندوق اور طاقت کی خواہش نہ رکھیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی نے کہا کہ حافظ گل بہادر گروپ جنگ بندی کر کے حکومت کے ساتھ بات چیت کرے، حافظ گل بہادر گروپ کے ٹی ٹی پی سے معاملات میں ہماری ضرورت ہو تو تیار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید