• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مجاہد کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، مظاہرین کا پتھراؤ

کراچی کی مجاہد کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مظاہرین کی جانب سے  مزاحمت  کا مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین میں خواتین بھی شامل تھیں۔

مظاہرین کی جانب سے  پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، پولیس نے جواب میں آنسو گیس کی شیلنگ  کرتے ہوئے  متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

علاقے میں ڈيرھ سو فٹ کی سڑک بنانے کے لیے سیکڑوں مکانات اور دکانیں گرائی جارہی ہیں، تجاوزات میں کثیر المنزلہ عمارتیں بھی شامل ہیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہےکہ ہے کہ ان پاس عمارتوں کی تعمیر کے نقشے منظور شدہ ہيں، پھر بھی گھر گرائے جا رہے ہیں۔

علاقے میں کئی برسوں سے مقیم افراد کا کہنا ہے کہ حکومت نے اچانک ان کے سر سے چھت چھین لی مگر کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی، وہ اپنے بچوں کو لے کر کہاں جائیں۔

متاثرین میں شامل شریفہ بی بی کہتی ہیں کہ اتنی آمدنی نہیں کہ کرائے کے گھر میں رہ سکیں، شوہر بیمار ہے، حکومت بے گھری سے بچائے۔

شریفہ کا کہنا ہے کہ وہ کئی برسوں سے یہاں رہ رہے تھے، بجلی، گیس اور پانی کے بل بھی باقاعدگی سے آتے اور ادا کئے جاتے رہے مگر اب کالونی کو غیرقانونی قرار دے کر ان کے گھر توڑ دیے گئے۔ اتنے پیسے نہیں کہ کرائے کے گھر میں رہ سکیں، بیمار شوہر اور بچوں کو لے کر کہاں جائیں۔

کالونی میں دہائیوں سے رہائش پذیر متاثرین کا کہنا ہے کہ برسوں کی جمع پونجی سے جو گھر بنائے تھے وہ ایک ہی جھٹکے میں توڑ دیے گئے، اب اس عمر میں بیوی بچوں کو لے کر کہاں جائیں۔

مجاہد کالونی کے متاثرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کی آمد ہے اور ان کے پاس سر چھپانے کی کوئی جگہ نہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ انہیں رہائش کیلئے فوری جگہ فراہم کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید