کراچی (نیوز ڈیسک) نئی دہلی کی ایک غیرمنافع بخش تنظیم ٹاکسکس لنک کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں پتا چلا ہے کہ بھارت میں سینیٹری نیپکن کے مشہور برانڈز میں ایسے نقصان دہ کیمیکل ہوتے ہیں جو کینسر اور بانجھ پن کا سبب بن سکتے ہیں۔ بھارتی بازار میں فروخت ہونے والے نامیاتی اور غیر نامیاتی سینیٹری پیڈز میں Phthalates اور VOCs جیسے زہریلے کیمیکلز مشہور سینیٹری پیڈز میں پائے گئے ہیں۔ پلاسٹک کی لچک، شفافیت، استحکام اور لمبی عمر بڑھانے کے لیے اس میں Phthalates شامل کیے جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دمہ، توجہ کی کمی ہائپر ایکٹیویٹی ڈس آرڈر، چھاتی کا کینسر، موٹاپا، ٹائپ II ذیابیطس، کم آئی کیو اور بہت سے دیگر عوارض Phthalates کی وجہ سے ہوتے ہیں۔