• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الخدمت 6 ارب کا سامان غزہ بھیج چکی، مزید 15 ارب کا منصوبہ، حفیظ الرحمٰن

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے معروف پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ نے جماعت اسلامی سے منسلک فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے لاہور میں واقع ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ صدر الخدمتفاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت 6ارب کا سامان غزہ بھیج چکی، مزید 15ارب کا سامان بھیجنے کا منصوبہ ہے، غزہ میں سامان حکومتی تعاون سے پہنچایا، ادارہ خودمختار طور پر کام کرتا ہے۔ الخدمت کے دیگر ذمہ داران نے بتایا کہ الخدمت کے زیر اہتمام تھرپار کر میں 10ہزار کنوئیں کھودے جاچکے ہیں،500واٹر پلانٹس ہیں جو گوردواروں ، مندروں اور گرجا گھروں میں بھی لگائے گئے ہیں،ملک بھر میں 2ہزار یتیم آغوش کے تحت زیر کفالت ہیں، 56اسپتال اور آئی ٹی سینٹرز فعال ہیں جن سے ہزاروں بچے مستفیدہورہے ہیں۔ الخدمت کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ تنظیم 150شہروں میں موجود ہے مرکز اور بیورو میں مجموعی طور پر 1900لیڈران رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور کوئی تنخواہ نہیں لیتا۔ پچھلے سال کا بجٹ ساڑھے 23ارب روپے تھا۔ ادارے کے شعبہ جات میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صحت، صاف پانی وغیرہ شامل ہیں۔ جماعت اسلامی سے اس ادارے کا تعلق صرف اس حد تک ہے کہ بنیاد اس پارٹی نے رکھی بعد ازاں ادارے کو خودمختار کر دیا گیا رہنمائی تو حاصل ہوتی ہے مگر ادارہ آزاد ہے۔ غزہ میں سامان پہنچانے میں حکومت کے تعاون سے کامیابی ملی اب تک 23چارٹرڈ فلائٹس روانہ کر چکے ہیں اور تقریباً 6ارب کا سامان بھیج چکے ہیں۔ جبکہ2025میں مزید15ارب روپے کے منصوبے مکمل کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے پھیلنے کی وجہ عوام کا اعتماد ہے لوگ جانتے ہیں کہ ان کے پیسوں میں خیانت نہیں ہوتی ہم خدمت میں مسلم و غیر مسلم کی تفریق نہیں کرتے۔ سینئر نائب صدر احسان اللہ وقاص نے کہا کہ وہ ابتدا سے الخدمت سے وابستہ ہیں ہماری کامیابی کی دو بڑی وجوہات معیار کا تسلسل اور رضاکاروں کی مثالی خدمات ہیں فلاحی خدمات میں ہم کسی قسم کی تفریق نہیں کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق صدر نعمت اللہ مرحوم نے 1997میں تھرپارکر میں صاف پانی کے منصوبے کا آغاز کیا اب تک 10ہزار کنویں کھودے جا چکے ہیں اور 500واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیے گئے ہیں جن میں مندروں اور گوردواروں پر بھی پلانٹس شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید