• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ہاکی ٹیم کے دورئہ یورپ کا منصوبہ فائلوں میں بند

کراچی (نصراقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کی جانب سے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے دورہ یورپ کا منصوبہ اب تک فائلوں میں بند ہے۔ اس  حوالے سے کوئی مثبت پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔میگا ایونٹ کی تیاری کھٹائی میں پڑگئی۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق یورپی ملکوں کے دورہ کے حصول  میں چار سے چھ ہفتے کا وقت درکار ہوتا ہے مگر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے تاحال اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی ممکنہ کھلاڑیوں  کے ویزے کے حصول کے لئے ہالینڈ کے سفارت خانے میں درخواست جمع کرائی ہے۔ جمعرات کو  پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے آفیشلز سے مشاورت کی جس میں تلخ کلامی کی بھی اطلاعات ہے۔قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ  اگلے ہفتے پاکستان ہاکی فیڈریشن ویزے کی درخواست دے دے گا جس میں ممکنہ کھلاڑیوں کا نام سفارت خانے کو دیا جائے گا۔ ویزے کے حصول میں تاخیر کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو اگلے ماہ کے دوسرے ہفتے میں یورپ کے دورہ کے پہلے مرحلے میں ہالینڈ پہنچنا ہے جس میں ویزے کی تاخیر کی صورت میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین