ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ایئرپورٹ پر سکیورٹی اہلکاروں کا انٹرویو کے لئے آئے امیدواروں پر تشدد ، سخت گرمی اور دھوپ میں دھکے دے کر نکال دیا، تفصیلات کے مطابق ملتان ایئر پورٹ پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کےلئے بھرتیاں کی جارہی ہیں اور گزشتہروز امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا گیا ، مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی بڑی تعداد ملتان ایئر پورٹ جا پہنچی ، سکیورٹی فورس نے امیدواروں کو ایئر پورٹ میں داخل ہونے سے روک دیا ، اکثرامیدوار روزے کی حالت میں تھے اور انہیں گھنٹوں سخت گرمی میں باہر کھڑا کیا گیا ، دھوپ اور سخت گرمی میں کھڑے نوجوانوں کو انٹرویو بارے کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی انہیں کسی اگلی تاریخ بارے آگاہ کیا گیا ، امیدواروں نے کہا کہ ہمیں اندر داخل ہونے دیا جائے تاکہ ہم انٹرویو بارے حتمی تاریخ بارے معلوم کر سکیں ،جس پر سکیورٹی اہلکاراور امیدواروں میں جھگڑا ہوگیا ، سکیورٹی اہلکاروں نے کئی امیدواروں پر تشدد کیا اور دھکے دے کر نکال دیا ، اس ضمن میں سکیورٹی انچارج ملتان ایئر پورٹ اعظم ٹوانہ کا کہنا ہے کہ کسی امیدوار پر تشدد نہیں کیا گیا ، امیدوار لائن نہیں بنا رہے تھے ،ان سے لائنیں بنوائی گئیں ۔