پاک انگلینڈ تاریخی ٹیسٹ شیڈول کے مطابق ہوگا، ای سی بی نے پی سی بی کو کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
انگلینڈ کے میڈیکل پینل نے کھلاڑیوں کو پنڈی ٹیسٹ میں شرکت کیلئے کلیئرنس دیدی ہے۔
اس سے قبل دورۂ پاکستان پر موجود انگلش کرکٹرز کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب راولپنڈی ٹیسٹ کے وقت پر شروع ہونے کے حوالے سے سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔
اس بارے میں دونوں بورڈز کے درمیان میٹنگ طے ہوئی تھی جس میں حتمی فیصلہ آج صبح ساڑھے 7 بجے کیے جانے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انگلش کرکٹ ٹیم کے نصف درجن کھلاڑیوں کے وائرل انفیکشن اور بدہضمی میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ کھلاڑیوں کو ڈائریا اور الٹیوں کی شکایت سامنے آئی ہے۔
حکام کی جانب سے بیمار کھلاڑیوں کو زیادہ وقت ہوٹل کے کمروں تک محدود کردیا گیا تھا تاکہ وائرس نہ پھیلے۔
اسلام آباد کے ہوٹل میں پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے ویڈیو لنک پر ای سی بی کے سی ای او راب کی، اعلیٰ افسر نیل سنو بال سے میٹنگ کی۔
اس موقع پر یہ معاملات بھی سامنے آئے کہ ٹیسٹ منسوخ ہونے سے کئی معاہدوں کی وجہ سے پی سی بی کو بھاری نقصان ہوگا۔
یہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا میچ ہے اس لیے اس کا براہ راست نقصان پاکستان کو ہوگا۔
پاکستان کو ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پانچ میں سے تین یا چار ٹیسٹ جیتنا ہیں اور دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔
میٹنگ میں انگلش بورڈ کے میڈیکل ڈائریکٹر نک پائرس اور ٹیم ڈاکٹر انیتا بسواس نے بھی شرکت کی۔
رمیز راجا کی معاونت کے لیے پی سی بی افسران بھی میٹنگ روم میں موجود تھے۔