چارسدہ(نمائندہ جنگ) چارسدہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔تنگی ہسپتال کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوارو ں نے اندھادند فائرنگ کر دی،ملزمان فرار، شہید کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی، مقتول پولیس اہلکار کی نمازجنازہ پولیس لائن چارسدہ میں ادا کی گئی جس میں ریجنل پولیس افیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس سٹیشن تنگی کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار زرمست خان کو شہید کر دیا ۔ زر مست خان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس چارسدہ کی سیکورٹی پر مامور تھا جو رات کو ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد صبح سویرے اپنے گھر تنگی نصرت زئی واپس جا رہا تھا اس دوران تنگی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوارو ں نے ا س پر اندھادند فائرنگ کر دی جس سے پولیس اہلکار زرمست خان موقع پر شہید ہو گیا۔ واقعہ بعد موٹر سائیکل سوار موقع سے فرار ہو گئے جبکہ تنگی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔