کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسٹیل مل کے قریب جھاڑیوں سےملنےوالی خاتون کی لاش کی شناخت 27 سالہ کشف کمال کے نام سے کرلی گئی ہے،مقتولہ ایک بیٹی کی ماں اورچھ ماہ کی حاملہ تھی ، وہ شاہ فیصل کالونی کی رہائشی تھی،مقتولہ کے اہلخانہ نے اسکےسابق شوہر پرقتل کا الزام لگاتے ہوئے انصاف فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔مقتولہ کے اہلخانہ نے بتایا کہ کشف نے چار برس قبل پسند کی شادی کی تھی ۔شادی کے دو ماہ بعد ہی مقتولہ کے شوہر نے اپنے گھر والوں کے دباؤ پر کشف کو طلاق دے دی تھی،اہلخانہ کے مطابق یا سردرانی طلاق دینے کے باوجود کشف سے ملتا رہا اوراس کے ساتھ رہتا بھی رہا۔ انہوں نے بتایا کہ دو روز قبل یاسر دروانی ہمارے گھرآیا تھا اور کشف کو یہ کہہ کر ساتھ لے گیا تھا کہ کشف ناراض ہے اسے منانے لے جا رہا ہوں۔مقتولہ کشف کے اہلخانہ نے بتایاکہ بدھ کو یاسر درانی کی کال آئی اور اس نے بتایا کہ کشف کہیں چلی گئی ہے۔