• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر فیفا ورلڈ کپ، پہلا مرحلہ، حیران کن اتار چڑھاؤ

کراچی (عبدالحفیظ نوری) حیران کن نتائج کے ساتھ قطر فیفا ورلڈ کپ کا ابتدائی گروپ مرحلہ مکمل ہوگیا۔ چار مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن جرمنی اور دو بار کی جولز ریمٹ ورلڈکپ فاتح یورو گوئے کو ناک آئوٹ مرحلہ دیکھنا تک نصیب نہ ہوا۔ جرمنی کی ٹیم 58 سال میں پہلی بار ناک آئوٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی۔ کیمرون ، ابوبکر کے گول کے ذریعہ فٹ بال تاریخ میں برازیل کو ہرانے والی پہلی ٹیم بننے کے باوجود پری کوارٹر فائنل میں نہ پہنچ سکی تاہم جنوبی کوریا گروپ لیڈر پرتگال کو ہرا کر ناک آئوٹ رائونڈ کے لیے کوالیفائی کرگیا۔ عالمی درجہ بندی میں دُوسرے نمبر پر بیلجیئم کی ٹیم پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوگئی۔ تاہم ارجنٹائن اپنا پہلا میچ سعودی عرب سے ہارنے کے باوجود بالآخر گرتے پڑتے ناک آئوٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا۔ ٹیم کے کپتان لائنل میسی دُنیا کے تمام تر منفرد اعزازات جیتنے کے باوجود 5 ورلڈ کپس کھیلنے کے باوجود آج تک ورلڈ کپ نہیں جیت سکے۔ آسٹریلیا کے خلاف پری کوارٹر فائنل ان کا ہزارواں پروفیشنل میچ ہوگا۔ گروپ میچوں میں جاپان نے پہلے جرمنی اور بعدازاں اسپین کوشکست دے کر ٹورنامنٹ میں واپس آنے کی ایک تاریخ رقم کی، لیکن گروپ۔ای میں کوسٹاریکا نے جاپان کو ہرا کر حیران کر دیا۔ مراکش بیلجیئم کو ہرا کر گروپ چیمپئن بنا۔ تیونس کی ٹیم ٹائٹل ہولڈر فرانس کو ہرانے کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا سمیت 6 براعظموں کی نمائندگی کرنے والی ٹیمیں دُوسرے رائونڈ میں پہنچنے کے لیے کامیاب ہوئیں۔ دُوسرے رائونڈ میں اسٹار فٹبالرز اپنے متاثرکن کھیل سے اپنے مداحوں، شائقین فٹبال اور تماشائیوں کو مسحور کر سکتے ہیں ان میں میسی (ارجنٹائن)، رونالڈو (پرتگال)، ونی جونیئر (برازیل)، لیونڈواسکی (پولینڈ)، کائلیان ایمباپے (فرانس)، 17 سالہ جاوی (اسپین)، کوڈی گیکپو (ہالینڈ)، ہیری کین (انگلینڈ)، تھیاگوسلوا، کیسمیرو (برازیل)، ساکا (انگلینڈ) شامل ہیں۔ اب تک کے گروپ میچوں میں مجموعی طور پر 525 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا جو 6 میچوں کے مقررہ وقت کے برابر ہے۔ پہلے رائونڈ میں 2.5 گول فی میچ کی اوسط کم ترین اوسط ہے، لیکن ٹیموں میں پلیئرز نے 960 پاسز کا آپس میں تبادلہ کیا جو بلندترین تعداد ہے۔ انگلینڈ اور اسپین نے گروپ میچوں میں سب سے زیادہ فی ٹیم 9 گول کیے۔ گروپ مرحلے میں تیونس نے فرانس اور کیمرون نے برازیل کو ہرایا اور 5 بار کے ورلڈ چیمپئن کو ہرانے والی فٹبال تاریخ میں پہلی افریقی ٹیم بنی۔ تیونس اور کیمرون ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے تاہم سر فخر سے بلند رکھ کر گھروں کو جا رہے ہیں۔ 

اسپورٹس سے مزید