عظیم باکسر محمد علی کی آبائی شہر لوئی ول کے کیو ہل قبرستان میں تدفین کر دی گئی ۔جنازے کو ان اہم مقامات سے گزارا گیا جہاں محمد علی نے زندگی گزاری،حریفوں پرمکےبرساکردل جیتنے والے کےجنازےپرپھول نچھاور کرکےہزاروں مداحوں نے خراج عقیدت پیش کیا۔
تدفین کے بعد محمدعلی کی یادمیں بین المذاہب تقریب کا آغاز ہوا، جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سےآغاز ہوا۔تقریب میںہرمذہب سےتعلق رکھنےوالےکی افراد نے شرکت کی اور عظیم باکسر کو خراج عقیدت پیش کیا۔سابق امریکی صدربل کلنٹن بھی اس موقع پر موجود تھے، ہال عظیم باکسرکےنام سےگونجتارہا۔تقریب میں 14ہزار افراد نے شرکت کی۔
عظیم باکسر محمد علی کے آخری سفر کے موقع پر ریاست کینٹکی کےشہرلوئی ول کی سڑکوں پرہزاروں مداح امڈآئے تھے،عالمی رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد ان کی تدفین میں شریک ہوئے جبکہ محمد علی کے جسد خاکی کو لے جانے والی گاڑی پرپھول نچھاورکیے گئے۔
ان کا جنازہ شہر کی مختلف سڑکوں پر رواں دواں رہا، ان کی آخری آرام گاہ کے راستے پر دونوں جانب ان کے مداحوں کا ہجوم تھا،جو ہاتھ ہلا ہلا کر عظیم باکسر کو الوداع کہہ رہے تھے۔
قبل ازیں رنگ کے کنگ اور دلوں کے فاتح کی نماز جنازہ جمعرات کو اُن کے آبائی علاقے لوئی ول میں ادا کی گئی تھی،لوئی ول کے فریڈم ہال میں محمد علی کی نماز جنازہ امریکی امام زید شاکر نے پڑھائی، نمازہ جنازہ اور دعائیہ اجتماع میں 15ہزار افراد شریک ہوئے۔نماز جنازہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستانی سفیرجلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے۔
عظیم باکسر محمد علی 3جون کو انتقال کر گئے تھے، محمد علی 17 جنوری 1942ء کو لوئی ول میں پیدا ہوئے، 25 فروری 1964ءکو سونی لسٹن کو ہرا کر ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتا، اُس کے اگلے ہی روز اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔
محمد علی نے 3مرتبہ 1964ء، 1974 ءاور 1978 ءمیں ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتے، محمد علی نے پروفیشنل کیریئر میں 61 میں سے 56 باؤٹس جیتیں، 5میں اُنہیں ناکامی ہوئی۔