قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ ملتان ٹیسٹ میں اب ہماری پوزیشن بہتر ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں محمد رضوان نے کہا کہ ہم نے جس طرح بیٹنگ کی ہے، اب ہماری پوزیشن انگلش ٹیم سے اوپر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھی اننگز میں 300 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا ہے، ایک اور اچھی پارٹنر شپ ہوگئی تو انگلینڈ دباؤ میں آجائےگا۔
پاکستانی بیٹر نے مزید کہا کہ جس طرح کھیل رہے ہیں اور پلان ہے تو انگلش ٹیم کا دیا ہوا 355 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا میچ دیکھنے کا موقع ملے گا، پہلے ہی ذہن بنا لیا تھا کہ اگر 350 یا 360 کا ہدف ہوا تو ہمارے پاس ایک موقع ہوگا۔
محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ ہم ماضی میں سری لنکا میں اتنا ہدف حاصل کرچکے ہیں، ہم نے آج جلد وکٹیں حاصل کرلیں، ہمارے ذہن کے مطابق ہدف ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے دوسری باری میں اچھی بولنگ کی، ہماری وکٹیں جلد گرگئیں، ہم نے آج جس انداز میں بیٹنگ کی ہے، اس کے مقابلے میں دن کے اختتام پر ہماری پوزیشن بہتر ہے۔
پاکستانی وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم ایک مختلف انداز میں کھیلتی ہے، آتے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہیں، انگلینڈ کی فیلڈنگ سے ہم پر اٹیک کر رہی ہے، ہمیں ان کے اوپر سے کھیلنا پڑ رہا ہے۔