اسلام آباد(اے پی پی) سپیشل اکنامک زونز اتھارٹی پنجاب کے چیئرمین ایس ایم نوید نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز پیداواری صلاحیت کو بڑھانے، پاکستان کو عالمی ویلیو چینز کے ساتھ مربوط کرنے اور طویل مدت میں اس کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کا مقصد ملک میں مجموعی کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہے،پاک چین خصوصی اقتصادی زون تعاون سے پاکستانی معیشت کو فروغ ملے گا۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونزپاکستان کی نئی ʼصنعتی شناختʼ کی تشکیل کے لیے اہم ہیں، جس کے تحت پاکستان کو عصری اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے لیے چینی کمپنیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے، عالمی تجربہ بتاتا ہے کہ خصوصی اقتصادی زونز مقامی اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری خاص طور پر کم مراعات یافتہ علاقوں میں معیشت کے تنوع، علاقائی تفاوتوں میں کمی، مقامی صنعتوں کے ساتھ تکمیلی پیداوار کے لیے اقتصادی سرگرمیوں کے جھرمٹ، مقامی لیبر فورس کی مہارت کی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور علم کے فروغ، کشش کے لیے ایک اہم ذریعہ ہیں۔چیئرمین نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت نو خصوصی اقتصادی زونز پاکستانی کمپنیوں کے لیے چینی کمپنیوں کے ساتھ ایکسپورٹ پر مبنی مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی کے لیے تعاون کرنے کا زندگی بھر کا موقع ہوں گے۔