مسلسل کئی راتوں تک فٹبال ورلڈکپ میچز دیکھنا چینی شہری کو مہنگا پڑ گیا، مسلسل جاگنے کی وجہ سے چینی نوجوان کا چہرہ مفلوج ہوگیا۔
چین میں 26 سالہ نوجوان کاؤ نے ایک ہفتے تک سوئے بغیر فٹبال ورلڈکپ کے تمام میچز دیکھے جس کے نتیجے میں اس کے چہرے پر فالج ہوگیا۔
کاؤ شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک لگاتار ایک ہفتے تک ورلڈکپ میچ دیکھتا اور دو گھنٹے بعد کام پر چلا جاتا۔
نوجوان نے میڈیا کو بتایا کہ 30 نومبر کو میں میچ دیکھنے کے بعد دو گھنٹے سو کر اٹھا تو شدید تھکاوٹ محسوس ہو رہی تھی۔
اس نے کہا کہ میں نے اس بات پر زیادہ دھیان نہیں دیا اور دفتر میں ہی کچھ دیر آرام کرنے کا سوچا لیکن کچھ دیر بعد بھی میری کیفیت تبدیل نہ ہوئی اور میرا کام متاثر ہونے لگا۔
کاؤ کا کہنا تھا کہ میرے ہونٹ اچانک ایک طرف کو مڑنے لگے اور میں اپنی پلکوں کو حرکت دینے سے قاصر رہا۔
اسپتال پہنچا تو مجھے بتایا گیا کہ مجھے چہرے پر فالج ہوا ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کاؤ روبہ صحت ہوجائے گا، اسے یہ فالج مستقل کم سونے اور شدید ٹھنڈے موسم کی وجہ سے ہوا ہے۔