پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے لاہور جم خانہ میں بغیر کسی وقفے کے چار گھنٹے تک مسلسل پرفارمنس کا ریکارڈ قائم کردیا۔
اس موقع پر چیئرمین لاہور جم خانہ مصباح الرحمن اور انٹرٹینمنٹ کمیٹی کے کنوینر آغا علی امام نے اوپیرا اسٹار کو بہترین گائیکی کا مظاہرہ کرنے پر جم خانہ کی طرف سے خوشبوؤں کا تحفہ گلدستہ پیش کیا۔
لندن مقیم گلوکارہ سائرہ پیٹر نے’ لائیو کنسرٹ ود سائرہ پیٹر‘ میں برصغیر کے نامور موسیقاروں اور گلوکاروں کو ٹریبیوٹ پیش کیا اور ساتھ ساتھ اوپیرا موسیقی کا جادو بھی جگاتی رہیں۔
انہوں نے نئے اور پرانے فلمی اور غیر فلمی گیت اور غزلیں گا کر حاضرین کی سماعتوں میں رس گھولا۔
سائرہ پیٹر نے لاہور جم خانہ کے ممبران کی فرمائش پر اردو، سرائیکی، پنجابی، انگریزی، اٹالین، جرمنی اور فارسی زبانوں میں گیت پیش کیے۔
انٹرٹیمنٹ کمیٹی کے کنوینر آغا علی امام نے اس موقع پر پاکستان کی پہلی اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کے فنی سفر پر تفصیل سے روشنی ڈالی، کنسرٹ کا اختتام لعل شہباز قلندر کی دھمال پر ہوا۔
اس موقع پر تمام حاضرین جھوم اٹھے، حاضرین نے اوپرا اسٹار کے ساتھ خوب سیلفیاں بھی بنوائیں۔سائرہ پیٹر نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔