کراچی ٹیسٹ کا دوسرا دن ختم ہوگیا، جہاں پاکستان نے بغیر کسی وکٹ پر 21 رنز بنالیے ہیں، جبکہ اسے انگلینڈ کا خسارہ ختم کرنے میں مزید 29 رنز درکار ہیں۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں دوسرے روز انگلینڈ ٹیم پہلی اننگز میں 354 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، اسے میچ میں پاکستان ٹیم پر 50 رنز کی برتری بھی حاصل ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے آج اولی پوپ اور بین ڈیکیٹ نے پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 7 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا جس کے بعد 58 رنز پر نعمان علی نے بین ڈیکیٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
نعمان علی نے اگلی ہی گیند پر جو روٹ کو کیچ آؤٹ کرا کے پاکستانی ٹیم کو تیسری کامیابی دلوائی۔
پہلے سیشن میں پاکستانی اسپنرز نے انگلش بیٹرز کو آؤٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھی وکٹ ابرار احمد نے 98 رنز پر حاصل کی۔
ابرار احمد نے 23 ویں اوور میں بہت ہی شاندار گیند کرا کر اولی پوپ کو 51 رنز پر بولڈ کیا، اس گیند کی کمنٹیٹرز نے بھی خوب تعریف کی۔
انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ہیری بروک کے ساتھ پارٹنر شپ قائم کرنے کی کوشش کی جسے کچھ دیر بعد فیلڈرز نے توڑ دیا۔
محمد وسیم اور اظہر علی نے مل کر 145 کے مجموعی اسکور پر بین اسٹوکس کو رن آؤٹ کیا، وہ 26 رنز بنا سکے۔
دوسرے اینڈ پر موجود ہیری بروک نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے کیریئر کی تیسری سنچری بھی مکمل کی۔
ہیری بروک نے 134 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی جس کے کچھ دیر بعد محمد وسیم نے انہیں 111 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اپنے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 265 رنز پر گری جب ریحان احمد کو 1 رن پر نعمان علی نے کیچ آؤٹ کروایا۔
اس کے بعد انگلش ٹیم کے ٹیل اینڈرز پاکستان ٹیم کے قابو میں نہ آسکے اور اختتامی تین وکٹوں پر مزید 89 رنز بنا کر پاکستان پر 50 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔
اختتامی لمحات میں مارک ووڈ نے 35 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اولی رابنسن 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی اوپننگ بیٹرز شان مسعود اور عبداللّٰہ شفیق نے دوسری اننگز کا آغاز محتاط انداز کے ساتھ کیا۔ کھیل کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 21 رنز بنالیے تھے جہاں عبداللّٰہ شفیق 14 اور شان مسعود 3 رنز کے ساتھ اگلے دن کھیل کا آغاز کریں گے۔
کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن
گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز بنا لیے تھے۔
پاکستان ٹیم میں عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، اظہر علی، بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، سعود شکیل، فہیم اشرف، نعمان علی، محمد وسیم اور ابرار احمد شامل ہیں۔
زیک کرولی، بین ڈیکیٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، بین فوکس، ریحان احمد، اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جیک لیچ پلیئنگ ٹیم میں شامل ہیں۔