• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کی وزیراعظم سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی ملاقات میں دونوں قائدین نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، معیشت سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں کسی کو سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے، معیشت کو ڈیفالٹ کروانے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان عوام کے ریلیف، معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے متعلق امور پر  مشاورت بھی کی گئی، جبکہ معاشی بہتری کے ساتھ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

آصف زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہا، سیلاب متاثرین کی بحالی اور سردی سے بچانے کیلئے امدادی کام مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اتحادی جماعتوں کی سیاسی طاقت بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے، پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ سیاسی استحکام، معاشی بہتری کیلئے اتحادی حکومت ثابت قدمی سے آگے بڑھتی رہے گی۔

ملاقات میں وزیراعظم کے معاونین خصوصی ملک محمد احمد خان اور عطاء اللّٰہ تارڑ بھی موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید