• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان بارڈر حکام میں فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق

باب دوستی— فائل فوٹو
باب دوستی— فائل فوٹو 

چمن میں بابِ دوستی پر پاک افغان بارڈر حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق ہو گیا۔

اس حوالے سے سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ بابِ دوستی پر فلیگ میٹنگ کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہے۔

کوئٹہ سے اعلیٰ سول و فوجی حکام فلیگ میٹنگ کے لیے ہیلی کاپٹر سے چمن پہنچے، پاکستانی وفد نے اسپین بولدک میں اعلیٰ افغان حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔

جرگے کے ارکان نے بتایا ہے کہ افغان وزارتِ دفاع کے نائب ملا شیریں کی قیادت میں افغان وفد سے مذاکرات ہوئے ہیں۔

افغان وفد میں نائب گورنر قندھار، وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ، بارڈر پولیس چیف اور انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔

افغان وفد کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں، بارڈر پر کشیدگی کی روک تھام کے لیے امارتِ اسلامیہ افغانستان ٹھوس اقدامات کرے گی۔

امن جرگہ اور افغان وفد نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پاک افغان عوام مطمئن رہیں، ہم تیسری قوت کی باہمی تعلقات خراب کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم بھائی ہیں، غلط فہمیوں کو بات چیت سے دور کریں گے۔

مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کو کیفرِکردار تک پہنچائیں گے۔ 

افغان حکّام نے اس موقع پر کہا کہ نقصانات پر دلی افسوس ہے اور معذرت خواہ ہیں، مستقبل میں فائر نہ کرنے کے لیے مل کر اقدامات کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید