• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنوں واقعہ ہو گیا، کے پی حکومت لاہور میں بیٹھی ہے: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف —فائل فوٹو
وزیرِ دفاع خواجہ آصف —فائل فوٹو

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے خیبر پختون خوا حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنوں واقعہ ہو گیا اور کے پی حکومت زمان پارک میں بیٹھی ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں کوئی والی وارث نہیں، سارا ایکشن سی ٹی ڈی کے ساتھ فوج نے اپنے ہاتھ میں لے کر آگے بڑھایا، کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے بنوں کی صورتِ حال کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ بنوں میں مختلف گروپس کے تقریباً 33 دہشت گرد قید تھے، ایک دہشت گرد نے بیت الخلاء جاتے وقت سنتری کے سر پر اینٹ ماری اور اسلحہ چھینا، جس سے سنتری شہید ہو گیا۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ یہ کہتے ہیں کہ میں حکمران نہیں تو ملک و عوام بھاڑ میں جائیں، عدالتیں اگر ان کی مرضی کے مطابق کام کریں تو انہیں پسند ہیں، الیکشن کمیشن ان کی مرضی کے مطابق کام کرے تو انہیں پسند ہے، اسٹیبلشمنٹ اگر غیر مشروط ان کا ساتھ دے تو انہیں پسند ہے، اگر ادارے آئین اور قانون کے مطابق کام کریں تو گالیاں دیتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاؤں کے نیچے سے آہستہ آہستہ زمین کھسک رہی ہے، اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری کارڈ انہوں نے کھیلا، توشہ خانے میں ہر روز نیا انکشاف ہو رہا ہے، افسوس ناک بات ہے کہ ایسے لوگ اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچ گئے جن کی کوئی اقدار نہیں تھی۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں، جنہوں نے عمران خان کو سہارا دیا، وہ اس محسن کو بھی گالیاں دیتے ہیں، اگر آپ حکومت چلا نہیں سکے تو اس میں جنرل باجوہ کا کیا قصور ہے؟ انہوں نے آپ کو ہر قدم پر سہارا دیا، آپ کو جب ضرورت ہوتی تھی وہ اسمبلی میں آتے تھے۔

قومی خبریں سے مزید