اسلام آباد میں گاڑی میں ہونے والے خودکش دھماکے سے متعلق یہ بات سامنے آئی ہے کہ گاڑی چکوال میں رجسٹرڈ ہوئی جبکہ اس پر لاہور کی نمبر پلیٹ ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے مالک کا تعلق چکوال سے ہے اور اس میں 18 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے موبائل فون کو قبضے میں لے لیا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ ایگل اسکواڈ نے مشکوک گاڑی کو روکا جس کے بعد گاڑی میں موجود شخص نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ایک اہل کار شہید اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے کہا کہ پولیس نے شہر کو دہشتگردی کی بڑی کارروائی سے بچا لیا، شہید اور زخمی اہلکاروں کو قوم کا سلام۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ دہشت گرد کچھ عرصے سے پولیس کو نشانہ بنا رہے ہیں، لگتا ہے دہشت گرد ہجوم والے مقامات پر پولیس اور شہریوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے۔