پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے قومی سلیکشن کمیٹی سمیت تمام کمیٹیاں اور ایسوسی ایشنز ختم کردیں۔
مینجمنٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی کے جو بھی معاہدے ہیں، انہیں پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان ویمنز لیگ کے حق میں ہوں، اس پر ضرور کام کیا جائے، ملک میں ویمن کرکٹ کو مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک اور غیرملکی کوچز کے حوالے سے کل بات کریں گے، ماضی میں میرے دور میں غیر ملکی کوچز کا تجربہ اچھا رہا، میری کوشش ہو گی کہ قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ جلد پشاور میں کرکٹ لے کر جائیں، پشاور میں اسٹیڈیم مکمل ہونے میں وقت درکار ہے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہم کرکٹ کو کوئٹہ بھی لے کر جائیں گے، سب سے بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کے میچز کوئٹہ میں بھی کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلی مرتبہ بگٹی اسٹیڈیم میں بھی میچز ہوں گے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ایک ڈیڑھ ماہ میں کام مکمل کریں گے، دلیری کے ساتھ وہاں میچز کرائیں گے، فرنچائز کے تحفظات ہیں ان سے بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کپ مکمل ہو گا، ڈومیسٹک کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں، سب معاہدے مکمل کیے جائیں گے کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا نظام بنانا ہے، سیلری اسٹرکچر پر دوبارہ جائزہ لیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز اور ریجنز ختم ہو گئی ہیں، اس لیے تمام ملکی اور غیر ملکی کوچز فارغ ہیں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ تینوں فارمیٹ کے کپتان اور سلیکشن کے معاملات متعلقہ افراد دیکھیں گے۔