وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جس میں افغان خواتین کی تمام شعبوں میں بھرپور اور مساوی شرکت کی ضمانت کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں سلامتی، استحکام اور امن کے لیے اپنی حمایت اور افغان عوام کے لیے مزید پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی شمولیت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق اور دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے لیے سیلاب سے متعلق امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔