سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے دھنیش کمار کے معاملے میں ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت عظمیٰ نے دھنیش کمار پر بھارتی شہری ہونے کے الزام کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کرلی۔
سپریم کورٹ نے دھنیش کمار کو اضافی شواہد جمع کروانے کی اجازت دے دی اور عدالت عالیہ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے دھنیش کمار کی اضافی شواہد لینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
عدالت نے مزید کہا کہ درخواست گزار کو اپنے حق میں اضافی شواہد جمع کروانے کی اجازت ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ سیشن عدالت جنوبی نے دھنیش کمار کا پاکستان میں قیام غیرقانونی قرار دیا تھا۔
سیشن عدالت جنوبی کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل بھی زیر سماعت ہے۔
سیشن عدالت نے 2011ء میں غیر ملکی ہونے پر دھنیش کمار کو 3 سال کی سزا سنائی تھی۔
دھنیش کمار نے سیشن عدالت کی سزا کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔
دھنیش کمار کوٹری کے مکین ہیں ان کی شادی بھی مقامی لڑکی سے ہو چکی ہے۔
پولیس کے مطابق دھنیش کمار بھارتی شہریت رکھتے ہیں جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔