پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ریجنل ڈسٹرکٹ اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ 12کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، اعلان جلد کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو نجم سیٹھی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پاکستان جونیئر لیگ بند کرنے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ اگست 2023 تک کیلئے کھلاڑیوں کے اعلان کردہ تمام ڈومیسٹک کنٹریکٹس پورے کرنے پر بھی بات ہوئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طویل تبادلہ خیال کے بعد ریجنل، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور ڈپارٹمنٹس/سروس آرگنائزیشنز کو بحال کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے اور اب انہیں باقاعدہ طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں شامل کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک پلان تیار کیا جائے گا، جس میں ان کی پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں شرکت بھی شامل ہے۔
مینجمنٹ کمیٹی نے پی سی بی کی 12 کمیٹیز کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کی تشکیل کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے خواتین کی کرکٹ میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کی حکمت عملی کے تحت ویمن لیگ شروع کرنے کے لیے اپنے جوش و خروش اور عزم کا اظہار کیا، جس کا نام بدل کر پاکستان ویمنز لیگ رکھ دیا گیا ہے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کے ساتھ بات چیت کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ ان کی ایمرجنگ کیٹیگریز میں انڈر 19 کھلاڑی کو شامل کیا جاسکے۔