وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیو ایم کا اپنا مؤقف ہے۔
سیہون ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں خالد مقبول صدیقی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا بیان نہیں سنا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مؤقف الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا ہے، وہ جو فیصلہ کرے گا اس پر عمل کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج صدر آصف زرداری کی صدارت میں اجلاس ہے، ایاز صادق سمیت جو بھی ہمارے اتحادی ہیں وہ سب اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدر زرداری کے ساتھ ملکی صورتِ حال کے بارے میں صلاح مشورے کریں گے، سب کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت میں مسائل ہیں، ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے کچھ وفاقی وزراء کراچی آئے تھے جن سے ہماری میٹنگ ہوئی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہمارا امپورٹ بل بہت بڑھ گیا ہے، ہم سب کو اپنی کمر کسنی ہو گی، مجھے یقین ہے کہ وزیرِ اعظم کے پاس تجربے کار ٹیم ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ معیشت کی بہتری میں صوبوں سے جو مدد چاہیے ہم اس کے لیے بالکل حاضر ہیں۔