سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ 1973 کے آئین پاکستان کےلیے 2023 گولڈن جوبلی سال ہے۔
ایک بیان میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ 73ء کا آئین 10 اپریل 1973 کو قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا تھا، یوں یہ اس سال 50 برس کا ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو سال 2023 کو ’1973 آئین کا سال‘ قرار دینا چاہیے، آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریبات سال بھر منانے سے متعلق قومی کمیٹی بنائی جائے۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ 1973 کا آئین شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، اس آئین کی اہمیت کو نوجوان نسل پر آشکار کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سال اس بات کی علامت ہے کہ عوام 1973 کے آئین سے انحراف پر مزاحمت کریں گے۔