ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان کی شاہرات کے تاریخی نام تبدیل نہیں ہونے دیں گے ،سرائیکستان کے قیام تک جدو جہد جاری رہے گی ،ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین پروفیسر شوکت مغل سرائیکی رہنما سید اختر گیلانی ،عنایت اللہ مشرقی اور ملک اے ڈی راں نے پریس کانفرنس میں کیا، اس موقع پر کلاسیکل استاد سجاد رسول ، ثوبیہ ملک ، ملک جاوید شانی ، بلال بزمی ، مظہر ملک ، عابد پڑھیار، مرزا ذیشان ، کاشف بھٹہ اور دوسرے موجود تھے، انہوں نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتیں سیاسی مصلحتوں کے باعث خاموش ہیں لیکن سرائیکی جماعتیں وسیب کی محرومی کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کر رہی ہیں اور شاہرات کے ناموں کے حوالے سے بھی بر وقت رد عمل آیا ہے، انہوں نے کہا کہ نئی شاہرات یا میٹرو سٹیشن کے ناموں کیلئے بلدیاتی ادارے یہ کام بخوبی سر انجام دے سکتے ہیں ، ان اداروں کو فوری طور پر فعال کیا جائے ، سڑکوں ، چوکوں یا شہروں کے نام بدلنے سے نیا پاکستان نہیں بنے گا ، ملتان میں ایسی کونسی سڑک ہے جو بے نام ہے ، وفاقی بجٹ میں سرائیکی وسیب سے ظلم ہوا ، نئے منصوبے تو کجا رہے ، جاری منصوبوں کیلئے بھی فنڈز مہیا نہیں کئے گئے،ملتان میٹرو فیز ٹو ختم کر دیا گیا ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور فیزٹو کے ساتھ ساتھ سرائیکی صوبے کے قیام تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔