وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکاراؤں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو صرف اپنی ماؤں بہنوں کی عزت کی فکر ہے، باقی خواتین کی عزت نہ کرنے والے ذہنی بیمار ہیں۔
مریم اورنگزیب نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشرے کو کردار کشی کی غلیظ مہم کا کلچر پھیلانے والوں کی مذمت کرنی چاہیے، اختلاف رائے کرنے والوں کو گالیاں دینا ’گھریلو تربیت‘ کی علامات ہوتی ہیں، ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عزت نہ کرنا، گھروں پر حملے’گھریلو تربیت‘ کی علامات ہوتی ہیں، گھیراؤ کروانا اور ہراساں کرنا ’گھریلو تربیت‘ کی علامات ہوتی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اداکار ملک کا اثاثہ اور پاکستان کی پہچان ہیں، بیمار ذہن ہی ان پر حملے کرتے ہیں، فنکار معاشرے میں اپنی محنت سے مقام حاصل کرتے ہیں، فنکار مشکلات کا سامنا کر کے قبولیت عام پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین سیاست، صحافت، فن یا کسی بھی شعبے میں مقام پائیں تو ان کی کردار کشی کی جاتی ہے، خواتین کے خلاف یہ بدنما مہم صرف عورت ہونے کی وجہ سے چلائی جاتی ہے، عورتوں کی محنت، جدوجہد اور صلاحیتوں کا اعتراف اور احترام کرنے کے بجائے گند اچھالنا شرمناک ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین حوصلے، ہمت اور منزل کو حاصل کرنے کے عزم کی علامت بن چکی ہیں، ایسی بےہودگی خواتین کی کامیابیوں کا سفر روک نہیں سکتیں۔