پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو سزا پوری ہونے پر ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق سندھ کی مختلف جیلوں سے سزا پوری ہونے کے بعد 530 افغان باشندوں کو رہا کردیا گیا جبکہ 800 افغان قیدی اب بھی سندھ کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔
دستاویز کے مطابق حیدر آباد جیل سے 169، کراچی جیل سے 148 یعنی دونوں جیلوں سے کل 317 افغان مرد قیدیوں کو رہا کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد کی بچہ جیل سے 41 بچوں، ویمن جیل سے 32 افغان خواتین کو رہا کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق کراچی ویمن جیل سے 56 افغان خواتین رہا کی گئیں جبکہ کراچی اور حیدر آباد کی ویمن جیلوں سے 84 بچوں کو اپنی ماؤں کے ساتھ رہا کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق رہا ہونے والے تمام قیدی اپنی سزائیں پوری کرچکے، تمام افراد کو مختلف عدالتوں سے 2، 2 ماہ کی سزائیں ہوئی تھیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس کو افغان قیدیوں کو چمن بارڈر پر لے جانے کا حکم دیا اور ساتھ ہی افغان قونصلیٹ کو بھی شہریوں کو ڈی پورٹ کرنے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔