• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ون ڈے: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

محمد رضوان نے 77 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی - فوٹو: ٹوئٹر
محمد رضوان نے 77 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی - فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ 

قومی بیٹرز نے کیویز کی جانب سے دیا گیا 256 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ 

نیشنل بینک کرکٹ ایرینا (نیشنل اسٹیڈیم) کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں قومی ٹیم کو کامیابی دلوائی جب ڈیون کونوے بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوئے۔ 

اس کے بعد دوسری وکٹ پر کین ولیمسن اور فن ایلن نے 36 رنز جوڑے، لیکن یہاں قومی ٹیم کو محمد وسیم نے کامیابی دلوائی جب انہوں نے 29 رنز بنانے والے فن ایلن کو آؤٹ کیا۔ 

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 69 رنز پر گری جب ڈیبیو کرنے والے اسامہ میر نے کین ولیمسن کو بولڈ کیا۔ انہوں نے 26 رنز بنائے تھے۔ 

نیوزی لینڈ کی وقفے وقفے سے وکٹیں تو گرتی رہیں، لیکن رنز بنانے کا سلسلہ بھی چلتا رہا۔ 

مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ 125 رنز پر گری تھی، جہاں محمد نواز نے ڈیرل مچل کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

پانچویں وکٹ 147 کے مجموعے پر گری جب ٹام لیتھم 42 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 

چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹر گلین فلپس تھے جو 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ 

پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ ساتویں اور آٹھویں وکٹ 220 کے مجموعے پر گری جب نسیم شاہ نے بالترتیب 43 رنز بنانے والے مائیکل بریسویل اور پھر صفر پر مائیکل شپلے کو کلین بولڈ کیا۔

نسیم شاہ نے نیوزی لینڈ کی 9ویں وکٹ لے کر میچ میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ انہوں نے اننگز کے آخری اوور میں مچل سینٹنر کو کیچ آؤٹ کیا۔ سینٹنر نے 21 رنز بنائے۔

نسیم شاہ کی پانچ وکٹوں کے علاوہ اسامہ میر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔

فوٹو بشکریہ پی سی بی/ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ پی سی بی/ ٹوئٹر

ہدف کے تعاقب میں امام الحق جلد آؤٹ ہوگئے لیکن فخر زمان، بابر اعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں بنائیں۔ 

فخر زمان نے 55 جبکہ بابر اعظم نے 66 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے 77 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ 

امام الحق نے 11 رنز بنائے اور دو سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے حارث سہیل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز بنائے جبکہ آغا سلمان 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹم ساؤتھی اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ لی۔

مین آف دا میچ

میچ میں بولنگ کے ذریعے فتح گر پرفارمنس دینے پر نسیم شاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بتایا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، ہنری شپلے ون ڈے میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔

اسامہ میر کا ون ڈے میں ڈیبیو

لیگ اسپنر اسامہ میر نے اس میچ میں اپنا ڈیبیو کیا۔ انہیں کوچ ثقلین مشتاق نے ون ڈے کیپ پہنائی۔

پاکستان کی فائنل ٹیم

پاکستان ٹیم میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، حارث سہیل اور سلمان علی آغا شامل تھے۔

ان کے علاوہ محمد وسیم، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد نواز اور اسامہ میر بھی ٹیم کا حصہ تھے۔

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون

نیوزی لینڈ ٹیم میں ڈیون کونوے، فن ایلن، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، گلین فلپس مائیکل بریسویل، مچل سیٹنر، ہنری شپلے، ٹم ساؤتھی اور فرگوسن شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید