• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیم صافی کی درخواست، قاسم سوری ایف آئی اے میں پھر پیش نہ ہوئے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جیو نیوز کے اینکر اور روزنامہ جنگ کے کالم نگار سلیم صافی کے مرحوم ماں باپ کو سوشل میڈیا پر گالیاں دینے پر قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ایف آئی اے کی طلبی پر پیش نہیں ہوئے۔

ایف آئی اے میں پیش نہ ہونے کے بعد قاسم سوری کو 18 جنوری کو بذات خود پیش ہونے کے لیے دوسرا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے 29 دسمبر کو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سلیم صافی کے والدین کو گالی دی تھی جس پر انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو اسی روز درخواست دی تھی۔

سلیم صافی کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 10 دن کی مہلت دے کر 2 جنوری کو نوٹس جاری کیا تھا اور انہیں 11 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن 11 جنوری کو وہ پیش نہ ہوئے۔

چنانچہ اب ایف آئی اے سائبر کرائم برانچ نے انہیں 13 جنوری کو ایک اور نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہیں18  جنوری کی صبح گیارہ بجے بذات خود پیش ہونے کا حکم دیا ہے اور پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کا عندیہ دیا ہے ۔

واضح رہے کہ عمران خان کی حکومت میں مراد سعید کی طرف سے محسن بیگ کے خلاف اسی طرح کی شکایت پر ایف آئی اے نے نوٹس جاری کرنے کی بجائے اسی روز ان کے گھر پر حملہ آور ہوکر انہیں گرفتار کیا تھا حالانکہ محسن بیگ نے کتاب کے جس صفحے کا ذکر کیا تھا اس پر مراد سعید کا ذکر بھی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے عدالت نے محسن بیگ کو بری کردیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید