امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اتنی سازشوں میں اتنے ووٹرز کا باہر نکلنا کامیابی ہے، میں کراچی کے عوام کا شکر گزار ہوں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اہل کراچی کی ترجمانی کی ہے، اہل کراچی نے بھی جماعت اسلامی کے مؤقف کی ترجمانی کی، بائیکاٹ کی اپیل کی ساری باتیں فالتو ہیں، اس سے پہلے بھی 8 فیصد تک ٹرن آؤٹ رہا ہے، اس کا بائیکاٹ کس نے کیا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ایک دن قبل تک کنفرم نہیں تھا کہ الیکشن ہوگا یا نہیں، جو لوگ الیکشن سے فرار کا راستہ اختیار کرنا چاہتے تھے وہ بائیکاٹ کرگئے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے سپوٹرز بھی نکلیں، کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں جہاں جہاں شکایات تھی وہ الیکشن کمیشن کو رپورٹ کردی گئیں، جہاں جہاں ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا وہاں وقت بڑھایا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ پولنگ کے اختتام میں بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، گو مگو کیفیت کے باوجود ووٹنگ ٹرن آوٹ بہت مناسب ہے، رات 4 بجے تک شہری پریشان تھے کہ انتخابات یوں گے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جہاں جہاں ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا وہاں وقت بڑھایا جائے۔