سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حیدرآباد ڈویژن سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے واضح اکثریت حاصل کرلی جبکہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ ختم ہونے کے تقریبا ساڑھے نو گھنٹے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی کی 246 یوسیز میں سے اب تک 94 کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔
کراچی میں بلدیاتی انتخاب کے اب تک کے نتائج میں پیپلزپارٹی کو برتری حاصل ہے۔
غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق اب تک پیپلز پارٹی 50 اور تحریک انصاف14نشستوں پر کامیاب ہوسکی ہے۔
جماعت اسلامی نے 23 نشستیں جیتی ہیں.
پاکستان مسلم لیگ ن نے3، جے یو آئی فے نے2 جبکہ ٹی ایل پی اور آزاد امیدوار نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔
ایم پی اے خرم شیر زمان کی شکست سے تحریک انصاف کو دھچکا ملا ہے، صدر پی ٹی آئی کراچی یوسی کا الیکشن ہار گئے، خرم شیر زمان کو صدر ٹاون یوسی 11 سے پیپلز پارٹی کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے۔
لیاری ٹاؤن کی 13 میں سے 12 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 11 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں۔ پی ٹی آئی ایک نشست پر کام یاب ہو سکی ہے۔
صدر ٹاؤن کی 13 میں سے 11 کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ پی ٹی آئی اب تک 11 میں سے 8 نشستیں حاصل کر چکی ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے صدر ٹاون کی تین نشستیں حاصل کی ہیں۔
ملیر ٹاؤن کی دس میں سے پانچ نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں۔ ان میں سے چار پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڑی پور کی تین نشستوں میں سے دو پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کیماڑی کی دو نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ایف نے ایک ایک نشست جیتی ہے۔
ابراہیم حیدری ٹی ایم سی سے ایک نشست پیپلز پارٹی نے جیتی ہے۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے گھنٹوں بعد بھی پولنگ ایجنٹس کو فارم 11 اور 12 نہ دیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گزشتہ روز ہی تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ شام 5 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں پہنچنے والے ووٹرز کو ووٹ ڈالنے دیا جائے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے اس سلسلے میں پریزائیڈنگ، ریٹرننگ افسران، انتخابی عملے کو ہدایت جاری کیں۔
کراچی میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فتح کے دعوے کیے۔
کراچی کے نتائج آنے می تاخیر ہوئین تو اس تمام تر صورتحال میں الیکشن کمشنر سندھ نے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کو ہنگامی مراسلہ لکھا جس میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں نے فارم 11 اور 12 پولنگ ایجنٹس کو نہ دینےکی شکایات کی ہیں، آر او کے ذریعے پریزائیڈنگ افسران کو فارم 11، 12 پولنگ ایجنٹس کو دینے کی ہدایت کریں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فارم 11 اور 12 فراہم نہیں کیے جارہے، کچھ ڈی سیز نتائج جاری کرنے میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں، آر او نے نتائج کا اعلان نہیں کیا تو شہر بھر میں دھرنے شروع کردیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کل تک جماعت اسلامی الیکشن کروانے کا کہہ رہی تھی، اب نتائج آنا شروع ہوئے ہیں تو جماعت اسلامی دھرنوں کی بات کر رہی ہے۔
کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ کے پولنگ اسٹیشن میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔
چنیسر گوٹھ کی مختلف یوسیز میں کشیدگی جاری ہے، یوسی 8 میں ہنگامی آرائی دیکھنے میں آئی، ایک سیاسی جماعت کے کونسلر کے امیدوار پر دوسری جماعت کے کارکنوں نے تشدد کیا۔
پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں تصادم ہوا۔
ہر یوسی میں 4 وارڈز ہیں، ووٹر کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ وارڈ کا جنرل کونسلر منتخب کرنا ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ایک ووٹ ہوگا، دوسرا ووٹ جنرل کونسلر کا ہوگا، ہر یوسی 11 ارکان پر مشتمل ہوگی، یوسی میں 6 افراد براہِ راست منتخب ہوں گے۔
یوسی میں 2 خواتین، ایک مزدور، ایک نوجوان اور ایک اقلیت کا نمائندہ شامل ہوگا۔
یونین کمیٹی میں مخصوص نشستوں کا انتخاب براہِ راست ووٹوں سے منتخب ہونے والے یونین کمیٹی کے 6 ارکان کریں گے۔
شہر کی 246 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسل کے رکن ہوں گے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل 367 ارکان پر مشتمل ہو گی جن میں 121 مخصوص نشستیں ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 121 مخصوص نشستوں پر ارکان کا انتخاب کونسل کے 246 ارکان کریں گے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 81 خواتین، 12 مزدور، 12 نوجوانوں کی مخصوص نشستیں شامل ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 12 اقلیتی ارکان، 2 خواجہ سراء اور 2 معذور افراد کی مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 367 ارکان شہر کا میئر منتخب کریں گے۔
کراچی شہر میں 25 ٹاؤنز ہیں، ہر ٹاؤن کا ایک منتخب ناظم ہوگا، ہر یو سی کا منتخب وائس چیئرمین ٹاؤن کونسل کا رکن ہو گا۔
ٹاؤن کونسل کے ارکان خواتین، مزدور، نوجوان، اقلیت، خواجہ سراء اور معذور کی مخصوص نشستوں پر انتخاب کریں گے۔
کراچی ڈویژن میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشست کے لیے 9 ہزار 58 امیدوار میدان میں ہیں۔
کراچی سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے پینل اور جنرل ممبر کی نشست پر مختلف یونین کمیٹیوں سے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
کراچی ڈویژن کی جنرل ممبرز اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 22 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات (15 جنوری کو) آج نہیں ہوں گے۔
انتقال کرنے والے امیدواروں میں مختلف یونین کمیٹیوں کے 9 چیئرمین اور وائس چیئرمین جبکہ 13 جنرل ممبرز کے امیدوار بھی شامل ہیں۔
ضلع وسطی:
ضلع وسطی کے 5 ٹاؤنز میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 45 ہے، یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی کُل تعداد 20 لاکھ 76 ہزار 73 ہے۔
ضلع وسطی کے 1263 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 360 انتہائی حساس اور 903 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
ضلع شرقی:
ضلع شرقی کے 5 ٹاؤنز میں 43 یونین کمیٹیاں ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 54 ہزار 59 ہے۔
ضلع شرقی کے 799 پولنگ اسٹیشنوں میں 200 انتہائی حساس جبکہ 599 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
ضلع کورنگی:
ضلع کورنگی کے 4 ٹاؤنز میں 37 یو سیز ہیں، ضلع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 15 ہزار 91 ہے۔
کورنگی کے 765 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 318 انتہائی حساس اور 447 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
ضلع غربی:
ضلع غربی میں 3 ٹاؤنز میں 33 یوسیز ہیں، ضلع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 9 ہزار 187 ہے۔
ضلع غربی کے 639 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 111 کو انتہائی حساس جبکہ 528 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ضلع کیماڑی:
ضلع کیماڑی کے 3 ٹاؤنز میں 32 یو سیز ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 44 ہزار 851 ہے۔
کیماڑی میں 547 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 164 انتہائی حساس اور 383 کو حساس قرار دیا گیا۔
ضلع ملیر:
ضلع ملیر کے 3 ٹاؤنز میں 30 یو سیز ہیں، یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 43 ہزار 205 ہے۔
ملیر کے 497 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 119 انتہائی حساس جبکہ 378 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
ضلع جنوبی:
ضلع جنوبی کے 2 ٹاؤنز میں 26 یو سیز ہیں، ضلع جنوبی کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 95 ہزار54 ہے۔
480 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 224 انتہائی حساس جبکہ 256 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن
حیدر آباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بھی آج بلدیاتی انتخابات ہوئے، پولنگ کے سامان کی ترسیل کا عمل گزشتہ شب مکمل ہو گیا تھا، پولنگ کی ترسیل کے دوران عملے کو مشکلات کا سامنا رہا۔
پیپلز پارٹی 127 امیدواروں کے ساتھ میدان میں اتری، پی ٹی آئی کے 97 اور جماعتِ اسلامی کے 26 امیدوار بھی مقابلے میں ہیں، جی ڈی اے، قومی عوامی تحریک، جے یو پی اور دیگر جماعتیں بھی قسمت آزما رہی ہیں، حیدر آباد میں 225 آزاد امیدواروں نے بھی حصہ لیا۔
جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹندوالہٰیار، دادو، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی۔