پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے اداکار فیروز خان کو حساس معلومات لیک کرنے پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دے دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر رانگ کالز کی ایک طویل فہرست کا اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے ثروت گیلانی نے لکھا کہ ’فیروز خان کی جانب سے معروف شخصیات کی نجی و حساس معلومات کو اس طرح قانونی نوٹس بھیجنے کے بہانے سوشل میڈیا پر شیئر کرنا انتہائی باعث تشویش اور قابل مذمت عمل ہے، اس معاملے کو مہذیب انداز سے بھی ہینڈیل کیا جاسکتا تھا‘۔
انہوں نے قانونی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ’دو روز قبل فیروز خان کو صرف ایک سابقہ بیوی اور ان کے وکیل کا سامنا تھا لیکن اب انہیں 10 معروف شخصیات اور ان کے وکیلوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا، کڈ لَک‘۔
اس سے قبل ثروت گیلانی کے شوہر اور ماڈل و اداکار ڈاکٹر فہد مرزا نے بھی اداکار فیروز خان پر برہمی کااظہار کیا تھا۔
گزشتہ روز اداکار فیروز خان نے اپنی سابقہ اہلیہ علیزے سمیت 10 ساتھی فنکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا جن ثروت گیلانی بھی شامل ہیں۔
فیروز خان نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کی جس میں چند دستاویزات کی تصاویر بھی شامل تھیں.
ان دستاویزات میں ساتھی فنکاروں کی حساس معلومات بھی واضح ہو رہی تھی جس کی نشاندہی کرتے ہوئے فہد مرزا نے اداکار پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں اس معاملے میں کچھ کہنا نہیں چاہتا تھا لیکن فیروز نے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات ظاہر کرکے بہت بڑی بیوقوفی اور انتقامی رویے کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ فیروز خان کی جانب سے اس بیوقوفانہ حرکت سے یہ ہی ظاہر ہوتا ہے کہ ان پر لگائے گئے تمام الزامات سچ تھے۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی جانب سے دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے کے چند منٹ بعد ہٹا دی گئی تھیں تاہم یہ معلومات مختلف سوشل میڈیا پیجز پر گھنٹوں وائرل ہوتی رہیں۔