• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغاوت کا مقدمہ: شہباز گِل کی کل فردِ جرم کی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل پر کل فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کرتے ہوئے حکمِ امتناع کی استدعا مسترد کی۔

دورانِ سماعت شہباز گِل کے وکیل نے عدالتِ عالیہ سے ٹرائل کورٹ میں کل فردِ جرم کی کارروائی روکنے کی استدعا کی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ جہاں حکومت کے ایشوز ہیں وہاں پرائیویٹ وکیل نہیں کر سکتے۔

شہباز گِل کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اسپیشل پراسیکیوٹر کو عارضی طور پر کام سے روک دے، عدالت سے استدعا ہے کہ کل فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی پر حکمِ امتناع جاری کر دے۔

چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے استفسار کیا کہ کل فردِ جرم لگ جائے گی؟ آپ نے ابھی تک فردِ جرم عائد نہیں ہونے دی، پبلک پراسیکیوٹر اگر چارج فریم کراتا ہے تو اس پر تو آپ کو کوئی اعتراض نہیں؟ ابھی تو فردِ جرم عائد نہیں ہوئی، ٹرائل بھی شروع نہیں ہوا، فردِ جرم عائد ہونے کے بعد شہادتوں کا مرحلہ آئے گا، اس کیس کو زیادہ لمبا نہیں کر رہے، آئندہ ہفتے کے لیے رکھ رہے ہیں۔

عدالتِ عالیہ نے اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے قانونی نکتے پر معاونت کے لیے تیاری کی مہلت دے دی اور کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید