وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پارلیمانی بورڈ سے متعلق نوازشریف نے نام تقریباً فائنل کرلیے، پارلیمانی بورڈ فیصلے کرے گا کہ کہاں سے کس نے الیکشن لڑنا ہے، پارلیمانی بورڈ کی صدارت میاں نواز شریف خود کریں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ن لیگ الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی، الیکشن سے متعلق ابتدائی انتظامات اور معاملات پر نوازشریف نے مشاورت کی، نواز شریف نے پاکستان میں بھی لوگوں سے ویڈیو لنک پر مشورہ کیا۔
رانا ثناء نے کہا کہ امیدوار کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ دے گا، ماضی میں بھی ہر امیدوار کا انٹرویو نواز شریف کرتے تھے، ہماری تجویز ہے کہ الیکشن مہم کے لیے چھ، سات سینئر افراد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز لندن سے 26 جنوری کو روانہ ہوکر 27 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی، یکم فروری سے مریم نواز پنجاب اور کے پی میں الیکشن سے متعلق سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق قانونی موشگافیوں کو فائنل کیا جا رہا ہے، نواز شریف کی باعزت واپسی ہوگی۔
رانا ثناء نے کہا کہ میرے خلاف ایک ادارے کا سربراہ آرمی چیف کی مرضی کے بغیر کیس بنا سکتا تھا، میں نے قمر جاوید باجوہ سے بھی کہا تھا کہ آپ نے یہ زیادتی کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ نواز شریف لاہور آئیں فقیدالمثال استقبال ہوگا، نواز شریف کا استقبال بتا دے گا کہ عمران خان کی مقبولیت جھوٹ ہے، نواز شریف واپس آئیں گے تو 9 ڈویژن میں9 جلسے ہوں گے اور الیکشن کی فضا تبدیل ہو جائے گی۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ ہم نے اداروں کو کہا ہے کہ معاملات کی تحقیقات کریں اگر ثبوت ہیں تو گرفتار کریں۔